بنگلورو،7؍جون (ایس او نیوز؍پی ٹی آئی) کرناٹک میں راجیہ سبھا کی سیٹوں کے لیے ہونے والے انتخابات کے ذریعہ سابق وزیر اعظم اور جنتادل سیکولر (جے ڈی ایس ) کے بانی ایچ ڈی دیوے گوڈا کی ایک بار پھر سے پارلیمنٹ میں واپسی ہوسکتی ہے۔ راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی کو کرناٹک سے ایک اضافی سیٹ حاصل کرنے سے روکنے کے لیے اس بات کا امکان ہے کہ کانگریس دیوے گوڈا کی حمایت کرے گی۔
کرناٹک میں ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس کی ایک سیٹ پر کامیابی یقینی ہے۔ اس نے اپنے سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے کو امیدوار بنایا ہے۔ کھرگے گزشتہ لوک سبھا میں کانگریس کے قائد تھے، لیکن گزشتہ لوک سبھا الیکشن ہار گئے تھے۔ کانگریس اس الیکشن میں کرناٹک میں صرف ایک ہی سیٹ جیت سکی تھی۔ اس کے بعد ریاست میں کانگریس اور جے ڈی ایس کی حکومت بھی زوال پذیر ہوگئی تھی۔ بڑی تعداد میں کانگریس کے ارکان اسمبلی کے استعفوں اور بی جے پی میں شمولیت سے جے ڈی ایس کی قیادت والی مخلوط حکومت زوال سے دو چار ہوئی تھی۔
کرناٹک میں راجیہ سبھا کی 4 سیٹوں کے لیے 19؍ جون کو انتخابات ہونے ہیں۔ کانگریس کے دور موجودہ راجیہ سبھا ارکان ایم وی راجیو گوڈا اور بی کے ہری پرساد کی میعاد اس ماہ کے اواخر میں مکمل ہورہی ہے۔ ریاستی اسمبلی کی موجودہ عددی طاقت کی بنیاد پر کانگریس کو 4 میں سے صرف 1 سیٹ ملتی نظر آرہی ہے۔ بی جے پی کے کھاتے میں 2 سیٹیں جانا یقینی مانا جارہا ہے۔ ایسے میں چوتھی سیٹ کے لیے رائے دہی کا امکان ہے۔ اگر کانگریس اور جنتادل (سیکولر) مشترکہ امیدوار کھڑا کرتے ہیں تو چوتھی سیٹ ان کے کھاتے میں جاسکتی ہے۔
ملکارجن کھرگے کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں بھیجنے کے بعد بھی کانگریس کے پاس 14 اضافی ووٹ بچیں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جے ڈی ایس کے ساتھ ممکنہ معاہدہ کے لیے قابل قبول امیدوار یا دیوے گوڈا سب سے اچھے متبادل ثابت ہوسکتے ہیں۔ ابھی تک باضابطہ اعلان نہیں ہواہے، لیکن ذرائع کے مطابق اس مسئلے پر دونوں پارٹیوں کے درمیان غیر رسمی بات چیت جاری ہے۔